! اردو پڑھو گے تو روٹی ملے گی؟ اردو دعوتِ کمال دے گی
جمیل احمد ملنسارؔ
98454 98354
! اردو پڑھو گے تو روٹی ملے گی؟ اردو دعوتِ کمال دے گی
ایک زمانہ تھا جب لوگ پوچھا کرتے تھے، بلکہ آج بھی بہت سے لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ اردو پڑھ کر کیا کرو گے؟ نوکری ملے گی؟ روزی روٹی کا کوئی سہارا بنے گا؟ یہ سوال سن کر کتنے ہی طلبہ کے حوصلے ٹوٹ جاتے تھے۔ والدین بھی اکثر یہی مشورہ دیتے کہ اردو چھوڑو، کوئی ایسی چیز پڑھو جو نوکری دلائے۔ مگر وقت نے بتا دیا کہ زبان کی قیمت صرف نوکری سے نہیں لگائی جاتی۔ زبان سوچنے، سمجھنے، لکھنے اور اپنی پہچان بنانے کا سلیقہ بھی دیتی ہے۔ اردو محض پرانی کتابوں کی زبان نہیں، آج بھی روزگار، عزت اور کامیابی کی راہ ہے۔
بہت سے لوگ اردو کو صرف شعر و شاعری اور محفلوں کی زبان سمجھتے ہیں، حالانکہ بات اس کے برعکس ہے۔ اردو جاننے والا صرف استاد نہیں بنتا۔ وہ صحافی بھی بن سکتا ہے، مترجم بھی، ایڈیٹر بھی، اسکرپٹ رائٹر بھی، مواد نگار اور اینکر بھی، اور ڈیجیٹل میڈیا میں اپنا نام بھی بنا سکتا ہے۔ یوٹیوب، سوشل میڈیا، ویب سائٹس اور پوڈکاسٹ نے اردو کے لیے نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ جو شخص اردو میں صاف لکھ سکتا ہو، اعتماد سے بول سکتا ہو اور درست ترجمہ کر سکتا ہو، بازار میں اس کی جگہ خود بخود بن جاتی ہے۔
تعلیمی ادارے، اخبارات، ٹی وی چینل، ریڈیو، اشاعتی ادارے، سفارتی دفاتر اور ترجمے کی کمپنیاں، سب کو اردو جاننے والوں کی ضرورت ہے۔ اردو ٹیچر، لیکچرر، آن لائن اردو کوچ، صحافی، نیوز رائٹر، مترجم، سب ایڈیٹر، سوشل میڈیا رائٹر اور یوٹیوب اسکرپٹ رائٹر کے مواقع موجود ہیں۔ آن لائن دنیا میں بھی اردو کے ماہرین کی مانگ بڑھ رہی ہے، کیونکہ کمپنیوں کو مواد، ترجمے، صوتی کام، تعلیم اور صارفین سے رابطے کے لیے ایسے لوگ چاہییں جو زبان پر گرفت رکھتے ہوں۔
اور یہ باتیں محض دعوے نہیں، ہمارے سامنے اس کی روشن مثالیں موجود ہیں۔ ڈاکٹر حنا قاسم فوپلنکر کو دیکھیے۔ ان کی تعلیم کا آغاز کوکن کے چھوٹے سے گاؤں سائی کے ایک اردو میڈیم اسکول سے ہوا۔ ایسے اسکول کو دیکھ کر کسی کو گمان بھی نہیں گزرتا کہ یہاں سے نکلنے والی بچی کل پولیس کے اعلیٰ عہدے تک پہنچے گی۔ مگر انھوں نے مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کا امتحان کامیابی سے پاس کیا اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس / اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کے عہدے کے لیے ان کا انتخاب عمل میں آیا۔ یہ کامیابی اس بات کا زندہ ثبوت ہے کہ اردو میڈیم کی بنیاد پاؤں کی زنجیر نہیں، پرواز کا پہلا قدم بن سکتی ہے۔
لیکن یہ بات گرہ میں باندھ لینی چاہیے کہ اردو سے کامیابی محض ڈگری سے نہیں ملتی۔ طالب علم کو اپنی تحریر، تلفظ، تقریر، مطالعہ، ترجمہ اور ڈیجیٹل مہارت کو مسلسل نکھارتے رہنا ہوگا۔ روزانہ اردو میں لکھنے کی عادت ڈالیں، اچھے ادیبوں اور شاعروں کو پڑھیں، تقریر کی مشق کریں اور کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے اوزاروں سے واقفیت پیدا کریں۔ جو نوجوان اردو کو پرانی روایت سمجھ کر چھوڑ دیتا ہے، وہ اپنی صلاحیت کا دائرہ خود تنگ کر لیتا ہے۔ اور جو اسے جدید مہارتوں کے ساتھ جوڑ لیتا ہے، وہ اپنی زبان کو روزگار اور عزت کا وسیلہ بنا لیتا ہے۔
اردو صرف بول چال کی زبان نہیں، ہمارے ادب، تہذیب، تاریخ، شعور اور جذبات کا آئینہ بھی ہے۔ جب ہم اردو سیکھتے ہیں تو صرف لفظ نہیں سیکھتے، اپنی شناخت، اپنے ورثے اور اپنی فکری روایت سے بھی رشتہ جوڑتے ہیں۔ یہ زبان ہمیں نرمی، شائستگی، سوچ اور اظہار کا ہنر عطا کرتی ہے۔ ایک سچا اردو دان محض زبان کا جاننے والا نہیں ہوتا، وہ اپنے معاشرے کا سوچنے والا، لکھنے والا اور جگانے والا فرد بھی ہوتا ہے۔
لہٰذا اگر آپ کو اردو سے محبت ہے تو اسے صرف شوق نہ رہنے دیں، اپنی مہارت بنائیں۔ اردو کی کتابیں پڑھیں، لکھیں، بولیں، سنیں اور دوسروں کو سکھائیں۔ اسے ٹیکنالوجی، میڈیا اور کاروبار سے جوڑیں۔ یاد رکھیں، اردو شاید روٹی نہ کھلائے، مگر دعوتِ کمال ضرور دے گی۔ اردو پڑھنے والا نوکری کا متلاشی ہی نہیں رہتا، وہ لکھنے والا، بولنے والا، سکھانے والا، مترجم اور اپنی زبان کا سفیر بن جاتا ہے۔ اگر یہ زبان سنجیدگی، مہارت اور محنت کے ساتھ سیکھی جائے تو روزگار بھی دے گی، اور عزت، پہچان اور کامیابی کی کھلی دعوت بھی۔





Comments
Post a Comment