ماہِ نومبر اور اردو: حرف کا ایک پورا موسم

نومبر آتا ہے تو پتے شاخوں سے رخصت ہوتے ہیں اور نام یادوں کی شاخوں پر کھلنے لگتے ہیں۔ دھوپ کا رنگ ذرا پھیکا پڑ جاتا ہے، ہوا میں خنکی گھلنے لگتی ہے، اور تقویم کے اوراق پر ایسی تاریخیں جگمگانے لگتی ہیں جن کے پیچھے قوموں کی پوری فکری سرگزشت کھڑی ہے۔ یہ مہینہ خزاں کا نہیں، حافظے کا ہے، اور جو قوم اپنا حافظہ کھو دے، بہار بھی آ جائے تو اسے پہچاننے کے لیے کوئی چہرہ نہیں بچتا۔

اس مہینے کے آغاز میں تین دن ایسے آتے ہیں جو اہلِ ہند کو ایک ہی لڑی میں پرو دیتے ہیں۔ نو نومبر کو علامہ اقبال پیدا ہوئے، جنہوں نے خودی کو شعری استعارہ نہیں رہنے دیا، طرزِ حیات بنا دیا۔ یہ وہی اقبال ہیں جنہوں نے "سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا" لکھا، اور اس سچ کو ان کے نام سے الگ کرنے والے دراصل اقبال کو نہیں، اپنی کم نظری کو نمایاں کرتے ہیں۔ دس نومبر کو روایت کے مطابق شیرِ میسور ٹیپو سلطان کی یاد منائی جاتی ہے، جن سے وہ قول منسوب ہے کہ شیر کی ایک دن کی زندگی گیدڑ کی سو سالہ زندگی سے بہتر ہے۔ اور گیارہ نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد پیدا ہوئے، جن کا قلم "الہلال" میں شعلہ بنا اور جن کی یاد میں یہ ملک یومِ تعلیم مناتا ہے۔ فکر، شمشیر اور قلم: یہ تین دن گویا ایک ہی سوال کے تین جواب ہیں کہ خوددار قوم کیسے جیتی ہے۔

اسی سلسلے کی اگلی کڑیاں چودہ اور انیس نومبر کو آتی ہیں۔ چودہ نومبر 1889 کو الٰہ آباد میں جواہر لال نہرو پیدا ہوئے، جو آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرِ اعظم بنے اور جن کی یاد میں یہ ملک یومِ اطفال مناتا ہے۔ انیس نومبر 1917 کو اسی شہر میں اندرا گاندھی نے آنکھ کھولی، جو ہندوستان کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم ٹھہریں۔ ان دونوں کی سیاسی اور قومی خدمات تاریخ میں نمایاں مقام رکھتی ہیں، اور جمہوری ہندوستان کی داستان ان کے ذکر کے بغیر مکمل نہیں ہوتی۔

یہی مہینہ ہمیں یہ بھی بتاتا ہے کہ علم کا کوئی پاسپورٹ نہیں ہوتا۔ سات نومبر کو تروچراپلی کی سرزمین پر سی وی رامن پیدا ہوئے، جنہوں نے روشنی کے بکھرنے کا راز پایا اور 1930 میں نوبل انعام ہندوستان کی جھولی میں ڈالا۔ ہم انہیں 28 فروری کو یاد کرتے ہیں، مگر وہ آئے نومبر میں تھے۔ اسی تاریخ کو وارسا میں میری کیوری نے آنکھ کھولی، جو طبیعیات اور کیمیا دونوں میں نوبل کی حقدار ٹھہریں۔ وولٹیئر 21 نومبر کو پیدا ہوئے اور رواداری کا وہ سبق دے گئے جسے ہر دور نے سہولت سے بھلا دیا۔ ہیڈی لامار اور کارل ساگن نو نومبر کو دنیا میں آئے، ایک نے وائرلیس رابطوں کی پیش رو فکر دی، دوسرے نے آسمان کو عام آدمی کی دسترس میں لا کھڑا کیا۔ چرچل، مارک ٹوین، برام اسٹوکر، ولیم ہرشل اور بروس لی کے نام گنوانے بیٹھیں تو فہرست ختم نہ ہو۔

لیکن اردو والوں کے لیے نومبر ایک مہینہ نہیں، پورا ادبی موسم ہے۔

چار نومبر 1893 کو حکیم احمد شجاع پیدا ہوئے، جن کا قلم ڈرامے، شاعری، افسانے اور صحافت میں یکساں رواں رہا۔ پانچ نومبر 1905 کو لکھنؤ میں سجاد ظہیر آئے، جن کے نام کے ساتھ "انگارے" کا آتش خانہ اور انجمن ترقی پسند مصنفین کی بنیاد جڑی ہے۔ "لندن کی ایک رات" ان کی نثر کی پہچان ہے اور "نقشِ زنداں" ان کے ضمیر کی۔ آٹھ نومبر 1935 کو انور مسعود پیدا ہوئے، جن کی ظرافت قہقہے سے شروع ہوتی ہے اور آنکھ نم کر کے ختم ہوتی ہے۔ نو نومبر ہی سے جنوبی ہند کے صاحبِ طرز شاعر ڈاکٹر راہی فدائی کی نسبت ہے، جن کی غزل میں شہر کی تنہائی اور رشتوں کی نزاکت اس سلیقے سے بولتی ہے کہ شور کے اس زمانے میں سرگوشی بھی کلام بن جاتی ہے۔

سترہ نومبر 1909 کو غلام عباس آئے، جن کے "آنندی" اور "اوورکوٹ" جیسے افسانے شہری زندگی کے تضاد کو بغیر کسی نعرے کے بے نقاب کر دیتے ہیں۔ بیس نومبر 1916 کو احمد ندیم قاسمی پیدا ہوئے، جن کی "چوپال" اور "بگولے" نے دیہات کو اردو افسانے کا وقار بخشا، اور "دشتِ وفا" اور "محیط" نے غزل و نظم کو نیا لہجہ دیا۔ چوبیس نومبر 1952 کو پروین شاکر نے جنم لیا، جن کی "خوشبو" نے اردو شاعری میں عورت کو پہلی بار اپنی زبان اور اپنا لہجہ عطا کیا۔ چھبیس نومبر 1952 کو منور رانا پیدا ہوئے، جنہوں نے ماں کو غزل کا ایسا استعارہ بنا دیا کہ آج بھی مشاعروں میں اس کا ذکر آنکھیں بھگو دیتا ہے۔ اٹھائیس نومبر 1928 کو بانو قدسیہ آئیں، جن کا "راجہ گدھ" حلال و حرام کے سوال کو ناول کے کینوس پر اس جرأت سے اٹھاتا ہے کہ آج بھی پڑھنے والا چونک جاتا ہے۔ اور انتیس نومبر 1913 کو علی سردار جعفری پیدا ہوئے، جن کی شاعری "لہو پکارتا ہے" کی صدا بن کر انسان دوستی کا عَلَم اٹھائے رہی اور جنہیں اردو کے اس اعزاز یعنی گیان پیٹھ سے نوازا گیا۔

اب ایک تلخ بات۔ ہم نے ان ناموں کی یاد کو واٹس ایپ کے چند اشعار، رسمی پوسٹروں اور سالانہ تقریبوں تک محدود کر دیا ہے۔ منبر پر اقبال کی تعریف ہوتی ہے مگر کتابیں الماری میں بند رہتی ہیں۔ یہ محبت نہیں، رسمِ محبت ہے، اور رسم کے سہارے زبانیں زندہ نہیں رہتیں۔ اردو کو اس کے چاہنے والوں کے نعروں نے نہیں، اس کے پڑھنے والوں نے زندہ رکھا ہے۔

اس لیے نومبر سے ایک ہی مطالبہ ہے: اس مہینے میں ہر نام کے ساتھ ایک کتاب کھولیے۔ اقبال کی ایک نظم پوری پڑھیے، غلام عباس کا ایک افسانہ سنیے، پروین شاکر کی ایک غزل کو لفظ لفظ سمجھیے، اور اپنے بچوں کے ہاتھ میں فون کی جگہ کوئی کتاب رکھ دیجیے۔ پتے جھڑتے ہیں تو درخت مرتا نہیں، جڑیں کام کرتی رہتی ہیں۔ نومبر کے یہ نام ہماری جڑیں ہیں، اور جڑوں کو پانی صرف مطالعے سے ملتا ہے۔

Comments